افریقی ملک چاڈ کے صدارتی محل پر حملہ، جوابی کارروائی میں 18 حملہ آور ہلاک
خبریں


افریقی ملک چاڈ کے صدارتی محل پر حملہ، جوابی کارروائی میں 18 حملہ آور ہلاک
شمالی افریقی ملک چاڈ کے دارالحکومت انجامینا میں بدھ کے روز صدارتی محل پر مسلح افراد کے حملے میں 18 حملہ آور اور ایک سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہوگئے، جبکہ کئی زخمی بھی ہوئے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق، حملہ بدھ کی شام مقامی وقت کے مطابق تقریباً پونے 8 بجے ہوا۔ حملہ آوروں نے صدارتی کمپلیکس میں گھسنے کی کوشش کی، تاہم محل کے سیکیورٹی اہلکاروں نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے حملہ ناکام بنادیا۔
سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ حملے کے دوران صدارتی عمارت کے قریب شدید فائرنگ کی آوازیں سنائی دیں، اور سڑکوں پر ٹینکوں کی موجودگی نے شہریوں میں خوف و ہراس پیدا کردیا۔
چاڈ کی حکومت کے ترجمان نے تصدیق کی کہ 18 حملہ آور مارے گئے، جبکہ 6 زخمی ہیں۔ جوابی کارروائی میں ایک سیکیورٹی اہلکار ہلاک اور 3 زخمی ہوئے، جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ صدارتی کمپلیکس کو نشانہ بنا کر ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کی گئی، تاہم صورتحال مکمل قابو میں ہے اور حالات معمول پر آ رہے ہیں۔
حملے کی وجوہات اور اس کے پس پردہ محرکات کی تحقیقات جاری ہیں، جبکہ حکومت نے عوام کو یقین دہانی کرائی ہے کہ ملک کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔