احمد الشرع کی اہلیہ کی پہلی سرکاری تصویر، ایردوآن کی بیگم کے ہمراہ

خبریں

2/6/20251 منٹ پڑھیں

احمد الشرع کی اہلیہ کی پہلی سرکاری تصویر، ایردوآن کی بیگم کے ہمراہ

شام کے عبوری صدر احمد الشرع سرکاری دعوت پر ترکیہ کے دورے پر ہیں، جہاں منگل کے روز ان کی اہلیہ لطیفہ الشرع نے ترکیہ کی خاتون اول امینہ ایردوآن سے ملاقات کی۔ اس موقع پر دونوں کی ایک سرکاری تصویر بھی جاری کی گئی، جو لطیفہ الشرع کی پہلی سرکاری تصویر تصور کی جا رہی ہے۔

امینہ ایردوآن نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر یہ تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا: "مجھے شام کی خاتون اول محترمہ لطیفہ الدروبی کی میزبانی کا شرف حاصل ہوا، جنھوں نے ترکیہ کا سرکاری دورہ کیا۔"

انھوں نے مزید کہا: "ہم نے مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال کیا، جن میں انسانی امداد، خواتین کی فلاح و بہبود، سماجی ہم آہنگی، اور تعلیم کا کردار شامل ہیں۔ ہم نے ایسے اقدامات پر بھی غور کیا جو بچوں اور خواتین کی فلاح و ترقی کے لیے کیے جا سکتے ہیں، خصوصاً ان افراد کے لیے جو جنگ کی تباہ کاریوں سے متاثر ہوئے ہیں۔"

ترکیہ کی خاتون اول نے زور دیا کہ ترکیہ ماضی کی طرح آج بھی شام کی تعمیر نو میں شامی عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور ان کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کرے گا۔

یہ تقریباً 15 سال بعد کسی بھی شامی صدر کا ترکیہ کا پہلا سرکاری دورہ ہے، جسے دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔