امریکا، کینیڈا اور برطانیہ میں شدید سردی، برفباری اور طوفانی بارشوں سے نظام زندگی مفلوج

تازہ ترینخبریں

1/12/20251 منٹ پڑھیں

امریکا، کینیڈا اور برطانیہ میں شدید سردی، برفباری اور طوفانی بارشوں کی وجہ سے نظام زندگی مفلوج ہو چکا ہے۔ امریکا میں جہاں آگ کے بعد برفانی طوفان نے تباہی مچائی، وہیں جنوبی اور وسطی ریاستوں میں شدید برفباری اور بارشوں نے معمولات زندگی کو درہم برہم کر دیا ہے۔ برفانی طوفان کی وجہ سے کئی راستے بند ہو چکے ہیں، پروازیں متاثر ہوئی ہیں اور متعدد تعلیمی ادارے بند ہو گئے ہیں۔

ٹیکساس، اوکلاہوما اور آرکنساس میں شدید برفباری اور بارشوں کی وجہ سے زندگی منجمد ہو گئی ہے اور برفانی طوفان کے مزید آنے کی وارننگز جاری کی گئی ہیں۔ کینیڈا میں سردی اور مہنگائی نے شہریوں کی زندگی کو مشکل بنا دیا ہے، جبکہ برفباری کی وجہ سے بجلی کی فراہمی متاثر ہو گئی ہے اور دیہی علاقوں سے رابطہ منقطع ہو چکا ہے۔

برطانیہ میں سرد ترین رات کا 15 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے اور شمالی سکاٹ لینڈ کے علاقے ہیملٹ میں درجہ حرارت منفی 18.9 ڈگری تک گر گیا۔ مڈلینڈز اور مشرقی انگلینڈ کے کچھ حصوں میں بھی درجہ حرارت منفی 10 ڈگری تک ریکارڈ کیا گیا۔ اس شدید سردی کے باعث دفاتر اور اسکولز بند ہو گئے ہیں اور محکمہ موسمیات نے اگلے ہفتے تک سردی کی شدت برقرار رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔