ایمریٹس سے سفر کرنے والوں کے لیے بڑی خبر

کاروبار

1/26/20251 منٹ پڑھیں

white Emirates plane
white Emirates plane

ایمریٹس سے سفر کرنے والوں کے لیے بڑی خبر

چار ماہ کی معطلی کے بعد امارات کی قومی فضائی کمپنی ایمریٹس نے یکم فروری سے بیروت کے لیے پروازیں دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ مشرق وسطیٰ کی سب سے بڑی ایئر لائن ابتدائی طور پر روزانہ ایک دوطرفہ پرواز چلائے گی، جبکہ یکم اپریل سے دو یومیہ پروازیں شروع کی جائیں گی۔ اسی تاریخ سے ایمریٹس بغداد کے لیے بھی یومیہ پروازوں کا آغاز کرنے جارہی ہے۔

ایمریٹس ایئرلائن نے ستمبر کے آخر میں اسرائیل اور ایران کی حمایت یافتہ حزب اللہ کے درمیان بڑھتی کشیدگی کے پیش نظر لبنان کے لیے اپنی پروازیں معطل کردی تھیں، یہ معطلی دیگر کئی علاقائی ایئر لائنز کے فیصلوں کے مطابق تھی۔

ایئرلائن نے حال ہی میں کراچی ایئرپورٹ پر بڑا کارگو بزنس حب بنانے کا اعلان بھی کیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت، ایمریٹس نے کراچی ایئرپورٹ کے کارگو ٹرمینل پر 90 ہزار مربع فٹ جگہ طلب کی ہے۔ ذرائع کے مطابق ایمریٹس نے کارگو بزنس کی بڑھتی ہوئی طلب کے پیش نظر یہ قدم اٹھایا ہے، کیونکہ اس وقت کراچی سے سب سے زیادہ کارگو ایمریٹس ایئر لائن کے ذریعے ہی منتقل کیا جارہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق، 2024 میں کراچی سے ایمریٹس ایئر لائن نے سب سے زیادہ 27 ہزار ٹن سے زائد کارگو منتقل کیا، جبکہ قومی ایئرلائن پی آئی اے، عدم توجہ اور ناقص منصوبہ بندی کے باعث صرف 2 ہزار ٹن کارگو بزنس ہی سنبھال سکی۔ ایمریٹس کا یہ فیصلہ خطے میں اپنی مضبوط کارگو سروس کو مزید وسعت دینے کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔