اقتدار کے خاتمے کے بعد اہلیہ بھی دور ہونے کو تیار: بشار الاسد کی بیوی نے طلاق کے لیے روسی عدالت سے رجوع کرلیا

خبریںFEATURED

12/23/20241 منٹ پڑھیں

ماسکو (ویب ڈیسک) اقتدار چھن جانے کے بعد روس میں پناہ لینے والے سابق شامی صدر بشار الاسد کی مشکلات میں ایک اور اضافہ ہوگیا ہے، کیونکہ ان کی اہلیہ اسما الاسد نے شوہر سے علیحدگی کے لیے روس کی ایک عدالت میں درخواست دائر کردی ہے۔

عرب میڈیا کی رپورٹس کے مطابق بشار الاسد، جنہیں شام میں باغیوں کے اقتدار پر قبضے کے بعد ملک چھوڑنا پڑا، اب روس میں جلاوطنی کی زندگی گزار رہے ہیں۔ اس دوران ان کی اہلیہ اسما الاسد نے ماسکو کی عدالت میں خلع کی درخواست دائر کی ہے اور علیحدگی کے بعد برطانیہ منتقل ہونے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اسما الاسد نے ماسکو میں رہنے کے طرزِ زندگی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے اور اسے اپنی خواہشات اور ضروریات کے مطابق نامناسب قرار دیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق، وہ برطانیہ جا کر ایک نئی زندگی شروع کرنا چاہتی ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اسما الاسد نے اپنی درخواست میں واضح طور پر ماسکو میں رہائش کے حوالے سے تحفظات کا ذکر کیا ہے، جو ان کے فیصلے کی ایک اہم وجہ ہے۔

بشار الاسد کے اقتدار سے محرومی اور جلاوطنی کے بعد اس نئی پیش رفت نے ان کی ذاتی اور سیاسی زندگی میں مزید ہلچل پیدا کردی ہے، جسے عالمی میڈیا میں بڑی دلچسپی سے دیکھا جا رہا ہے۔