اسد قیصر کا مریم نواز اور خواجہ آصف پر مذاکرات ناکام کرنے کا الزام
خبریں


اسد قیصر نے خواجہ آصف اور مریم نواز پر مزاکرات ناکام کرنے کی کوششوں کا الزام عائد کیا ہے۔
پشاور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے خواجہ آصف اور مریم نواز پر الزام عائد کیا کہ دونوں کی کوشش ہے کہ ہر ممکن طریقے سے پی ٹی آئی اور حکومت کے درمیان جاری مزاکرات ناکام بنا دیے جائیں۔
اسد قیصر نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے مزاکرات کے حوالے سے مکمل کمٹمنٹ ہے، یہی وجہ ہے کہ ہم اعتماد سے بات کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان سے ملاقات کرانے کا وعدہ پورا نہ ہونے کے بعد حکومت نے بہانے بنانا شروع کر دیے ہیں، لیکن پی ٹی آئی کسی بھی طرح کے خوف میں مبتلا نہیں ہے اور نہ ہی کسی سے ڈرتی ہے۔ ہم صرف پاکستان کے مفاد میں اپنے تحفظات کو پیچھے چھوڑ کر آگے بڑھ رہے ہیں۔
اسد قیصر نے خواجہ آصف اور مریم نواز کے بیانات پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ ان کی کوششیں پی ٹی آئی اور حکومت کے درمیان مذاکرات کو ناکام بنانے کی ہیں۔
دوسری جانب وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے حالیہ ٹویٹ کے بعد مذاکرات کی فضا کمزور ہو گئی ہے، تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ اتمام حجت کے طور پر مذاکرات ہونے چاہئیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے بانی سے ملاقات کا مطالبہ پورا کرنے میں کوئی قباحت نہیں ہے، لیکن پی ٹی آئی کے دعوے کہ بانی پی ٹی آئی کو بنی گالہ منتقل کیا جائے گا، محض خواہشات ہیں اور اس میں کوئی حقیقت نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے رہنماؤں کی رہائی کا فیصلہ عدالت کرے گی۔