وفاقی حکومت نے 1.5 لاکھ خالی اسامیوں کو ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا: وزیر خزانہ
کاروبارخبریں


اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ وفاقی حکومت نے 60 فیصد خالی اسامیوں کو ختم کر دیا ہے، جس کی تعداد تقریباً ڈیڑھ لاکھ بنتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ خدمات سے متعلق اسامیوں کو آؤٹ سورس کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے اور سرکاری اخراجات میں کمی کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ معیشت درست سمت میں آگے بڑھ رہی ہے اور جون 2024 میں وزیراعظم کی جانب سے وفاقی حکومت کی رائٹ سائزنگ کے حوالے سے کمیٹی تشکیل دی گئی تھی۔ کمیٹی 43 وزارتوں اور ان کے 400 محکموں کی افادیت کا جائزہ لے رہی ہے۔ اس کے علاوہ، حکومت یہ فیصلہ کر رہی ہے کہ ان اداروں کو برقرار رکھا جائے یا ختم کیا جائے، اور ایک وقت میں 5 سے 6 محکموں کو ختم کرنے کا منصوبہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ غیر ضروری اداروں کو ختم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے اور یہ عمل 30 جون 2025 تک مکمل کر لیا جائے گا۔ مزید یہ کہ وزارت اطلاعات و نشریات اور وزارت ثقافتی ورثہ کو ضم کیا جائے گا، جبکہ کیڈ کی وزارت بھی ختم کی جا رہی ہے۔ پہلے مرحلے میں 6 وزارتوں کو امور کشمیر، جی بی اور سیفران کے ساتھ ضم کیا جائے گا اور دوسرے مرحلے میں سائنس و ٹیکنالوجی کے 60 محکموں کو ضم یا ختم کیا جائے گا۔