دو سو(200)کلو وزن کم کرنے والا برازیلی اسٹار 37 برس کی عمر میں دنیا سے رخصت

گیبریل فریٹاس نے خوراک اور ورزش کے ذریعے صرف 18 ماہ میں اپنا وزن کم کیا تھا

دلچسپ اور عجیب

1/6/20251 منٹ پڑھیں

برازیلی ریئلٹی اسٹار، جس نے 200 کلو وزن کم کرکے دنیا کو حیران کیا تھا، 37 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔

گیبریل فریٹاس، جنہوں نے اپنی شاندار جسمانی تبدیلی کے ذریعے شہرت حاصل کی تھی، 30 دسمبر کو دل کا دورہ پڑنے کے باعث دنیا سے رخصت ہوگئے۔ 2017 میں برازیل کے مشہور ریئلٹی شو میں شرکت کے وقت ان کا وزن تقریباً 320 کلوگرام تھا۔ اپنی غیر معمولی محنت اور عزم کے ذریعے انہوں نے خوراک اور ورزش کے ذریعے صرف 18 ماہ میں 200 کلو سے زیادہ وزن کم کیا، جسے نہ صرف برازیل بلکہ دنیا بھر میں سراہا گیا۔

گیبریل کے قریبی دوست، ریکارڈو گووا، نے بتایا کہ ان کا انتقال نیند کے دوران پُرسکون انداز میں ہوا۔ ان کے والد اور بھائی کی اچانک موت کے بعد گیبریل شدید صدمے کا شکار ہو گئے تھے، جس کی وجہ سے ان کا وزن دوبارہ بڑھ کر تقریباً 400 کلوگرام تک پہنچ گیا تھا۔

گیبریل کے لاکھوں سوشل میڈیا فالورز نے ان کی اچانک وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور ان کی غیر معمولی جدوجہد اور حوصلے کو خراج تحسین پیش کیا۔