فاسٹ بولر احسان اللہ نے پی ایس ایل کو بائیکاٹ کرنے کا فیصلہ کیا

کھیل

1/14/20251 منٹ پڑھیں

لاہور (ملکی سٹوری آن لائن) فاسٹ بولر احسان اللہ نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کو بائیکاٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس کے پیچھے کی اہم وجہ بھی بیان کی ہے۔

احسان اللہ نے 2023 میں پی ایس ایل میں ملتان سلطانز کی نمائندگی کی تھی، اور اس کے بعد اپریل 2023 میں نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ون ڈے میں قومی ٹیم کا حصہ بنے، لیکن بدقسمتی سے انجری کی وجہ سے وہ دوسرے ون ڈے میں حصہ نہیں لے سکے۔

ان کی کرکٹ کیریئر میں اس کے بعد اتار چڑھاؤ آنا شروع ہوا اور کہنی کی انجری نے انہیں کرکٹ سے دور کر دیا۔ گزشتہ ایک سال سے وہ کہنی کی تکلیف میں مبتلا ہیں، اور ان کا آپریشن بھی ہو چکا ہے، جبکہ انگلینڈ میں چیک اپ بھی کیا گیا۔

اب احسان اللہ نے پی ایس ایل کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا ہے، اور انہوں نے کہا کہ وہ اس لیے یہ قدم اٹھا رہے ہیں کیونکہ ان کے مطابق دنیا اور لوگ صرف اپنے مفادات کے لیے ہیں۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ وہ فرنچائز کرکٹ میں حصہ نہیں لیں گے اور پی ایس ایل میں کبھی واپس نہیں آئیں گے۔

ملتان سلطانز کے مالک علی ترین کے بارے میں احسان اللہ نے کہا کہ نہ تو انہوں نے ان سے رابطہ کیا اور نہ ہی ان کی حمایت کی۔ ان کے مطابق، علی ترین کو جب کوئی اور کھلاڑی ملتا ہے تو وہ ان کے ساتھ چل پڑتے ہیں، اور انہوں نے ان کے ٹیلنٹ کی بجائے صرف دوسروں کو سپورٹ کیا۔

احسان اللہ نے کہا کہ پی ایس ایل شروع ہونے میں ابھی 4 مہینے ہیں اور اس سال پی ایس ایل کے لیے ان پر اعتماد کر کے ٹیم میں شامل کیا جا سکتا تھا، مگر ایسا نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو وہ پاکستان چھوڑ کر دبئی یا انگلینڈ چلے جائیں گے۔