ابھیشیک بچن اور ایشوریا رائے: علیحدگی کی افواہوں کا خاتمہ
FEATUREDانٹرٹینمٹ/شوبز


ممبئی (ملکی سٹوری آن لائن) بالی ووڈ کے معروف اداکار ابھیشیک بچن اور ایشوریا رائے کے درمیان علیحدگی یا طلاق کی خبریں حالیہ ویڈیوز کے بعد بے بنیاد ثابت ہو گئیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، گزشتہ روز ممبئی میں ابھیشیک بچن اور ایشوریا رائے نے اپنی بیٹی آرادھیا کے اسکول فنکشن میں شرکت کی۔ اس موقع پر لی گئی ویڈیوز اور تصاویر میں دیکھا گیا کہ دونوں کے تعلقات خوشگوار ہیں، اور علیحدگی کی افواہیں صرف قیاس آرائیاں تھیں۔ تقریب میں امیتابھ بچن بھی موجود تھے، اور ویڈیوز میں تینوں کو ایک ساتھ اسکول میں داخل ہوتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
ویڈیوز میں ایشوریا رائے اپنے سسر امیتابھ بچن کو سہارا دیتے ہوئے نظر آئیں، جبکہ ابھیشیک بچن اپنی اہلیہ کا دوپٹہ سنبھال رہے تھے۔ یہ مناظر اس بات کا ثبوت ہیں کہ اس خاندان کے تعلقات مضبوط اور خوشگوار ہیں۔
واضح رہے کہ کچھ عرصے سے میڈیا اور سوشل میڈیا پر ایشوریا رائے اور ابھیشیک بچن کے درمیان ناراضگی اور طلاق کی افواہیں گردش کر رہی تھیں، تاہم ان حالیہ ویڈیوز نے ان تمام خبروں کو غلط ثابت کر دیا ہے۔