اپنی پرانی ٹک ٹاک ویڈیوز دیکھنا پسند نہیں: جنت مرزا کا حیران کن انکشاف
SHOWBIZانٹرٹینمٹ/شوبزFEATURED


مقبول ٹک ٹاکر جنت مرزا نے انکشاف کیا ہے کہ وہ اپنی پرانی ٹک ٹاک ویڈیوز دیکھنا پسند نہیں کرتیں۔ ایک پوڈ کاسٹ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ فلموں کے مقابلے میں شارٹ ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشنز، خاص طور پر ٹک ٹاک کو زیادہ اہمیت دیتی ہیں اور اگر انتخاب کا موقع ہو تو وہ ٹک ٹاک کو ترجیح دیں گی۔
جنت مرزا نے بتایا کہ ابتدائی طور پر انہیں سوشل میڈیا کا کوئی خاص شوق نہیں تھا اور وہ اپنے والد کی طرح پولیس افسر بننے کی خواہش رکھتی تھیں۔ تاہم، ایک اتفاقی موڑ کے تحت وہ سوشل میڈیا اسٹار بن گئیں۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ 2017 میں جب انہوں نے ٹک ٹاک استعمال کرنا شروع کیا تو اس وقت 15 سیکنڈ کی کہانی پر مبنی ویڈیوز کا ٹرینڈ تھا۔ انہوں نے اس دوران کئی ایسی ویڈیوز بنائیں، لیکن اب وہ اپنی ان ویڈیوز کو غیر اہم سمجھتی ہیں اور انہیں دیکھنا بھی پسند نہیں کرتیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ابتدا میں انہیں اندازہ نہیں تھا کہ وہ ٹک ٹاک پر مشہور ہو رہی ہیں، لیکن ایک واقعے نے انہیں یہ احساس دلایا۔ کچھ نوجوان لڑکوں نے ان کے ساتھ سیلفی لی، جس کے بعد انہیں اپنی مقبولیت کا احساس ہوا۔ ایک سوال کے جواب میں جنت مرزا نے انکشاف کیا کہ انہوں نے پہلی بار اپنی چھوٹی بہن علیشبا کے ساتھ ایک ٹک ٹاک ویڈیو بنائی تھی جو کہ وائرل ہوگئی۔ اس کے بعد انہوں نے ٹک ٹاک پر مزید ویڈیوز بنانا شروع کیں اور یہ پلیٹ فارم ان کی زندگی کا حصہ بن گیا۔