فواد چوہدری کا پی ٹی آئی سے کوئی تعلق نہیں، بانی پی ٹی آئی کا بیان
خبریںFEATURED


راولپنڈی (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شعیب شاہین نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے واضح طور پر کہا ہے کہ فواد چوہدری ان کا نام استعمال کرتے ہوئے خود کو پی ٹی آئی کا حصہ ظاہر کر رہے ہیں، لیکن حقیقت میں ان کا پارٹی سے کوئی تعلق نہیں۔ شعیب شاہین کا کہنا تھا کہ جو لوگ پارٹی چھوڑ کر جا چکے ہیں، انہیں بھگوڑے قرار دیا گیا ہے اور ان کا پی ٹی آئی سے کوئی واسطہ نہیں۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شعیب شاہین نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ کے بارے میں ہدایت دی ہے کہ وہ بیرونِ ملک سے ہی ہینڈل ہوگا، کیونکہ یہاں سے کوئی بھی اسے آپریٹ کرے گا تو اسے گرفتار کر لیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ قانون کے مطابق پہلے سے زیر التوا مقدمات پر سماعت ہونی چاہیے۔ آصف زرداری، نواز شریف اور یوسف رضا گیلانی کے خلاف پہلے ہی ریفرنسز دائر ہیں، لیکن قانون میں تبدیلی کے باوجود یہ ریفرنسز ایف آئی اے کورٹ میں نہیں چلائے جا رہے۔
شعیب شاہین نے دعویٰ کیا کہ بانی پی ٹی آئی نے عدالت میں بھی کہا ہے کہ ان کے خلاف کیسز کو فاسٹ ٹریک پر ڈال دیا گیا ہے، جبکہ دیگر بڑے کیسز پر کوئی کارروائی نہیں ہو رہی۔ نواز شریف کی بلٹ پروف بی ایم ڈبلیو چھ لاکھ روپے میں خریدنے جیسے معاملات سب کے سامنے ہیں، لیکن ایف آئی اے اور نیب نے خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے بلاول ہاؤس کے بدلے زمینیں دی گئیں، جس پر سپریم کورٹ نے نوٹس لیا تھا، لیکن آج تک کوئی مقدمہ سامنے نہیں آیا۔ عمران خان نے حسن نواز کی لندن میں زمین کی فروخت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ نو ارب کی زمین 18 روپے میں بیچی گئی، لیکن اس پر بھی کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔
شعیب شاہین نے کہا کہ گندم اسکینڈل میں ایک بلین ڈالر کے فراڈ کی رپورٹ بھی منظر عام پر نہیں لائی گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب ریاست ایماندار لوگوں کے خلاف بے بنیاد کارروائیاں کرے گی، تو عوام کا اعتماد مجروح ہوگا اور سرمایہ کاری متاثر ہوگی۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ اے ٹی سی راولپنڈی کے جج اعجاز آصف آزادانہ فیصلے کر رہے تھے، جنہیں او ایس ڈی بنا دیا گیا۔ یہ صورتحال انصاف کی فراہمی پر سوالیہ نشان ہے۔