کراچی ائیرپورٹ پر انسانی اسمگلنگ کے شبہ میں 30 مسافر آف لوڈ، 24 گھنٹوں میں 51 پاکستانی بے دخل
خبریں


کراچی ائیرپورٹ پر چین، سعودی عرب اور دیگر ممالک جانے والے 30 مسافروں کو آف لوڈ کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق، ان میں سے 11 افراد چین اور ملائیشیا، 4 عمان، ایک یوگینڈا، 2 تنزانیہ اور بنگلہ دیش جبکہ 10 سعودی عرب جا رہے تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ افراد ایڈوانس ہوٹل بکنگ کی عدم موجودگی، اخراجات کی رقم نہ ہونے اور دیگر وجوہات کی بنا پر آف لوڈ کیے گئے۔
یاد رہے کہ سعودی عرب اور عراق سمیت 7 ممالک سے 24 گھنٹوں کے دوران 51 پاکستانیوں کو بے دخل کیا گیا۔
امیگریشن ذرائع کے مطابق، بے دخل افراد کو مختلف پروازوں کے ذریعے کراچی واپس بھیجا گیا۔ ان میں سے 2 افراد اصلی پاسپورٹ کے ساتھ اور 49 ایمرجنسی پیپرز پر واپس آئے۔
ایمیگریشن حکام نے بتایا کہ سعودی عرب سے 33 پاکستانی کراچی بھیجے گئے، جبکہ 14 افراد ایمرجنسی پاسپورٹ پر عراق سے کراچی پہنچے۔
امیگریشن ذرائع نے مزید بتایا کہ دبئی، عمان، زمبیا، قطر اور برطانیہ سے بھی ایک ایک پاکستانی کو بے دخل کیا گیا۔