لاہور میں موسم سرما کی پہلی بارش، خشک سردی کا خاتمہ
FEATUREDخبریں


لاہور (ویب ڈیسک) ملک کے مختلف شہروں میں موسم نے انگڑائی لی، لاہور میں موسم سرما کی پہلی بارش کے ساتھ سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ صبح کے وقت ہلکی بارش اور ٹھنڈی ہواؤں نے شہریوں کو سرد موسم کا بھرپور احساس دلایا۔ لاہور کے علاقوں گڑھی شاہو، ایبٹ روڈ، مال روڈ، جیل روڈ، فیروزپور روڈ، ماڈل ٹاؤن، گلبرگ، کلمہ چوک اور گارڈن ٹاؤن میں ہلکی بارش ہوئی، جب کہ دن کے اوقات میں بھی مزید بارش کی توقع ہے۔
قصور، کاہنہ، پاکپتن اور رینالہ خورد میں بھی بوندا باندی ہوئی، جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پہاڑی علاقوں میں شدید سردی کا سلسلہ جاری ہے۔ گلگت بلتستان، کشمیر اور شمال مشرقی پنجاب میں جزوی ابر آلود موسم کے ساتھ ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ پنجاب، بالائی سندھ اور خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں صبح اور رات کے وقت دھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔
سردی کی شدت کے حوالے سے محکمہ موسمیات نے بتایا کہ پہاڑی علاقوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے گر چکا ہے۔ لہہ میں پارہ منفی 13، سکردو منفی 11، گوپس منفی 9، گلگت اور دیر منفی 8، استور منفی 7، قلات اور بگروٹ منفی 6، جبکہ کوئٹہ، زیارت اور چترال میں درجہ حرارت منفی 5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات نے مزید پیشگوئی کی ہے کہ آئندہ دنوں میں ملک کے مختلف علاقوں میں سردی کی شدت مزید بڑھے گی۔