لاس اینجلس کے جنگلات میں لگی آگ قابو سے باہر، ہزاروں گھر خاکستر، 50 ارب ڈالر سے زائد نقصان
خبریںوائرل


لاس اینجلس کے جنگلات میں لگی آگ قابو سے باہر، ہزاروں گھر خاکستر، 50 ارب ڈالر سے زائد نقصان
امریکی شہر لاس اینجلس کے مضافاتی جنگلات میں لگی آگ نے تباہی مچادی، جس کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 5 تک پہنچ گئی اور مالی نقصان کا تخمینہ 50 ارب ڈالر سے تجاوز کرگیا۔
غیر ملکی ذرائع کے مطابق، کیلیفورنیا کے علاقے پیسفک پلیسیڈز میں شروع ہونے والی یہ آگ تیز ہواؤں کے باعث تیزی سے پھیل رہی ہے۔ ابتدا میں 10 ایکڑ پر مشتمل آگ اب ہزاروں ایکڑ رقبے کو لپیٹ میں لے چکی ہے۔
اس ہولناک آفت کے باعث 5 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوچکے ہیں، جبکہ ایک ہزار سے زائد گھر اور کاروباری مراکز خاکستر ہوگئے ہیں۔
رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ آگ نے التادینا کے علاقے میں واقع مسجد التقویٰ کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ اس کے علاوہ، ہالی ووڈ کی کئی مشہور شخصیات کے اربوں روپے مالیت کے مکانات بھی تباہ ہوگئے ہیں۔
آگ بجھانے کے وسائل ناکافی ہونے کے باعث امدادی کارکنوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ لاکھوں افراد کو اپنے گھر خالی کرکے محفوظ مقامات پر منتقل ہونا پڑا ہے۔
ماحولیاتی ماہرین کے مطابق، آگ کی شدت کے باعث لاس اینجلس کی فضا خطرناک حد تک آلودہ ہوچکی ہے، تاہم آگ لگنے کی وجوہات کا تاحال تعین نہیں ہوسکا۔
اس بحران کے دوران، متاثرہ علاقوں کے خالی گھروں میں چوری اور لوٹ مار کے واقعات بھی سامنے آرہے ہیں، جس سے مقامی مکینوں کی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں۔