لیسکو کے نئے گرین سولر میٹر چارجز کا اعلان
کاروبارخبریں


لیسکو کے نئے گرین سولر میٹر چارجز کا اعلان
لاہور (ویب ڈیسک) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے سولر سسٹم کے دو طرفہ میٹرز کے لیے نئے چارجز کا اعلان کر دیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق، دو طرفہ میٹرز کی قیمت 43,000 روپے جبکہ انسٹالیشن چارجز 3,000 روپے مقرر کیے گئے ہیں۔
صارفین کو ہدایت کی گئی ہے کہ میٹرز کی قیمت اور انسٹالیشن چارجز متعلقہ بینک میں ڈیمانڈ نوٹس کے ذریعے جمع کرائیں۔ اس سلسلے میں لیسکو نے تمام دفاتر کو سولر نیٹ میٹرنگ کی تنصیب سے متعلق ضروری ہدایات جاری کر دی ہیں۔
یاد رہے کہ 2024 میں لیسکو نے گرین میٹرز کے اجرا پر پابندی لگاتے ہوئے ایڈوانس میٹرنگ انفراسٹرکچر (AMI) میٹرز کی تنصیب کو لازم قرار دیا تھا، تاکہ اوور بلنگ اور بجلی کی چوری جیسے مسائل کو روکا جا سکے۔
نیپرا کی حالیہ رپورٹ کے مطابق، ملک میں سولر نیٹ میٹرنگ کی 4,742 درخواستیں زیر التواء ہیں، جن کی مجموعی پیداواری صلاحیت 58,822 میگاواٹ ہے، جو پاکستان کی موجودہ 46,000 میگاواٹ بجلی کی کل صلاحیت سے زیادہ ہے۔
بجلی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں، کمپنیوں میں تاخیر، اور نیٹ میٹرنگ کے بائی بیک ریٹ میں اضافے کو درخواستوں کی تعداد میں اضافے کی اہم وجوہات قرار دیا گیا ہے۔ نیپرا نے ان مسائل کے حل کے لیے ٹیرف کے ڈھانچے پر نظرثانی کی تجویز دی ہے۔