نیلم منیر کی شادی کی تصاویر منظرعام پر، جیون ساتھی کے ساتھ خوشی کے لمحات وائرل

وائرلانٹرٹینمٹ/شوبز

1/5/20251 منٹ پڑھیں

پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ نیلم منیر نے ازدواجی زندگی کا آغاز کر دیا، ان کی شادی کی تصاویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔ نیلم منیر نے اپنی شادی کی تصاویر انسٹاگرام پر شیئر کیں، جس میں انہوں نے مداحوں سے دعا کی درخواست کرتے ہوئے لکھا کہ نئے سال کے آغاز کے ساتھ اپنی زندگی کے نئے سفر کا آغاز کر رہی ہوں۔

شادی کی تصاویر میں نیلم منیر کے جیون ساتھی کو روایتی عربی لباس "جبہ" میں ملبوس دیکھا جا سکتا ہے، جبکہ اداکارہ نے خود چمکدار سفید لباس اور جالی دار دوپٹے کا انتخاب کیا۔ دونوں کو دبئی کے مشہور برج خلیفہ کے قریب فوٹو شوٹ کے دوران خوشگوار لمحات میں دیکھا گیا۔ تاہم، نیلم منیر نے اپنے شوہر کا نام ظاہر نہیں کیا۔

اس سے قبل، نیلم منیر نے اپنی مایوں کی تقریب کی تصاویر شیئر کی تھیں، جن میں وہ زرد رنگ کی خوبصورت فراک پہنے نظر آئیں۔ ان تصاویر کو مداحوں کی جانب سے بے حد پسند کیا گیا، اور ان کے مداحوں نے اداکارہ کو خوشیوں سے بھری شادی شدہ زندگی کی دعائیں دیں۔

نیلم منیر کی شادی کی خبروں نے مداحوں میں خوشی کی لہر دوڑا دی ہے، اور ان کی تصاویر پر نہ صرف پسندیدگی کا اظہار کیا جا رہا ہے بلکہ ان کے لیے نیک تمناؤں اور محبت بھرے پیغامات کا سلسلہ بھی جاری ہے۔