بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی ترسیلات: دسمبر 2024 میں 3.07 ارب ڈالرز کی ریکارڈ ترسیل
کاروبارخبریں
بیرون ملک پاکستانیوں نے دسمبر 2024 میں 3.07 ارب ڈالرز کی رقوم بھیجیں
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق دسمبر 2024 میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے 3.07 ارب ڈالرز وطن بھیجے۔ یہ ترسیلات دسمبر 2023 کے مقابلے میں 29 فیصد زیادہ ہیں، جبکہ رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں یہ شرح 33 فیصد زیادہ رہی۔
اعداد و شمار کے مطابق، سب سے زیادہ ترسیلات سعودی عرب سے آئیں، جو 77 کروڑ ڈالرز پر مشتمل تھیں۔ متحدہ عرب امارات سے 63 کروڑ ڈالرز، برطانیہ سے 45 کروڑ ڈالرز، یورپ سے 36 کروڑ ڈالرز، اور امریکا سے 28 کروڑ ڈالرز بھیجے گئے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ان ریکارڈ ترسیلات زر پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ دسمبر 2024 میں مجموعی طور پر 3.1 بلین ڈالرز موصول ہوئے، جو نومبر 2024 کے مقابلے میں 5.6 فیصد زیادہ ہیں۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق، مالی سال 2024 کی پہلی ششماہی میں 17 ارب 84 کروڑ ڈالرز وطن بھیجے گئے، جبکہ جنوری سے دسمبر 2024 تک ترسیلات زر کا مجموعہ 34.65 ارب ڈالر رہا۔
یہ اعداد و شمار پاکستانی معیشت کے لیے حوصلہ افزا ہیں اور اس سے ملک کی مالی صورتحال میں مزید بہتری کی توقع کی جا رہی ہے۔