پنجاب میں اسلحہ لائسنس، فروخت اور مرمت کے حوالے سے اہم فیصلہ، ڈپٹی کمشنرز کو مراسلہ جاری

خبریں

1/9/20251 منٹ پڑھیں

پنجاب میں اسلحہ لائسنس، فروخت اور مرمت کے حوالے سے اہم فیصلہ، ڈپٹی کمشنرز کو مراسلہ جاری

لاہور (محکمہ داخلہ پنجاب): پنجاب میں اسلحہ لائسنس، فروخت اور مرمت کے نظام میں بہتری لانے کے لیے اہم قدم اٹھایا گیا ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے اسلحہ لائسنس برانچ کے عملے کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس حوالے سے صوبہ بھر کے ڈپٹی کمشنرز کو ایک مراسلہ جاری کیا ہے۔

اس فیصلے کے مطابق، محکمہ داخلہ پنجاب نے اسلحہ برانچ کی کارکردگی میں بہتری لانے، عوامی شکایات کے ازالے اور میرٹ کی بالادستی کو یقینی بنانے کے لیے اسلحہ برانچ کے عملے کی فوری تبدیلی کی ہدایت کی ہے۔ ترجمان محکمہ داخلہ کے مطابق، اس اقدام کا مقصد اسلحہ برانچ کی کارکردگی اور احتسابی عمل کو مزید مضبوط بنانا ہے۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ تمام اضلاع میں اسلحہ برانچ کے افسران اور عملے کی تبدیلی ہر سال یقینی بنائی جائے گی۔ ایک سال مکمل کرنے والے افسران اور عملے کو فوری طور پر تبدیل کیا جائے گا اور ابتدائی طور پر تمام عملہ تبدیل کرکے ایک ہفتے کے اندر محکمہ داخلہ کو رپورٹ ارسال کی جائے گی۔

یاد رہے کہ محکمہ داخلہ پنجاب نے اسلحہ لائسنس کے اختیارات پنجاب آرمز رولز 2023 کے تحت ڈپٹی کمشنرز کو منتقل کر دیے ہیں۔ اب ڈپٹی کمشنرز کو اسلحہ کی مرمت، لائسنس کی توثیق اور ڈوپلیکیٹ لائسنس کے اجرا کا اختیار حاصل ہے۔ اس اقدام کے ذریعے اسلحہ لائسنس، اسلحہ فروخت اور مرمت کے عمل میں شفافیت اور احتساب کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔