لندن میں صائم ایوب کا پہلا چیک اپ مکمل

خبریںکھیل

1/9/20251 منٹ پڑھیں

لندن میں صائم ایوب کا پہلا چیک اپ مکمل

پاکستانی بیٹر صائم ایوب کا لندن میں ٹخنے کی انجری کے حوالے سے پہلا معائنہ مکمل کرلیا گیا۔ صائم ایوب کو جنوبی افریقہ کے خلاف کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے دوران ٹخنے کی چوٹ لگی تھی، اور ابتدائی رپورٹس میں ان کے ٹخنے میں فریکچر کی تصدیق ہوئی تھی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے صائم ایوب کے علاج کے لیے انہیں لندن بھیجنے کا فیصلہ کیا۔ اظہر محمود کے ہمراہ وہ گزشتہ روز لندن پہنچے، جہاں ٹخنوں کے مسائل کے ماہر ڈاکٹر لکی جیاسیلن نے ان کا پہلا معائنہ کیا۔

پی سی بی کے مطابق، صائم ایوب کا اگلا معائنہ لندن میں کل صبح شیڈول ہے۔ برطانوی ڈاکٹرز کی رپورٹس اور مشوروں کی بنیاد پر صائم کے مزید علاج کا فیصلہ کیا جائے گا۔

چیمپئنز ٹرافی کے عبوری اسکواڈ میں صائم ایوب کی شمولیت بھی ان کے علاج اور بحالی کے عمل پر منحصر ہے، جس کا فیصلہ برطانوی ڈاکٹرز کے مشوروں کے بعد کیا جائے گا۔