شے گل چاہت فتح علی خان کے ساتھ کام کرنے کی خواہشمند

انٹرٹینمٹ/شوبز

1/9/20251 منٹ پڑھیں

کوک اسٹوڈیو کے مشہور گانے پسوڑی سے شہرت پانے والی گلوکارہ شے گل نے کامیڈین گلوکار چاہت فتح علی خان کے ساتھ کام کرنے کی خواہش ظاہر کردی۔

شے گل نے حالیہ گرلز اونلی پوڈکاسٹ میں شرکت کے دوران بتایا کہ ان کا گلوکارہ بننے کا کبھی ارادہ نہیں تھا۔ انہوں نے کامرس کی تعلیم حاصل کی تھی اور کارپوریٹ سیکٹر میں نوکری کرنا چاہتی تھیں۔ تاہم، ان کی دوست ایمان نے انہیں انسٹاگرام پر گانے اپلوڈ کرنے کی ترغیب دی، جس کے بعد انہیں کوک اسٹوڈیو میں گانے کا موقع ملا۔

پروگرام میں ایک سوال کے جواب میں شے گل نے کہا کہ وہ چاہت فتح علی خان کے ساتھ کام کرنے کی خواہش رکھتی ہیں اور راحت فتح علی خان کے بجائے کامیڈین گلوکار کو ترجیح دیتی ہیں۔

شے گل نے مزید بتایا کہ ان کا اصل نام انوشے ہے، لیکن یونیورسٹی کے دوران دوستوں نے انہیں "شے" کہنا شروع کیا، جو بعد میں ان کا دوسرا نام بن گیا۔ علی سیٹھی کے ساتھ کام کرنے کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے ان کی شخصیت اور علم کی تعریف کی اور کہا کہ وہ ان سے بہت متاثر ہیں۔

شے گل نے اپنی فٹنیس کے بارے میں بتایا کہ وہ باقاعدہ ورزش نہیں کرتیں، بلکہ اپنے مصروف شیڈول کی وجہ سے فٹ رہتی ہیں۔ انہوں نے شازیہ خشک، سلیم جاوید اور فارس شفیع کے ساتھ کام کرنے سے معذرت کی، لیکن چاہت فتح علی خان کے ساتھ کام کرنے کی خواہش ظاہر کرکے سب کو حیران کر دیا۔