چھوٹے اور درمیانے کاروبار معیشت کی ریڑھ کی ہڈی، حکومت بھرپور اقدامات کر رہی ہے: وزیراعظم

کاروبارFEATUREDخبریں

1/5/20251 منٹ پڑھیں

چھوٹے اور درمیانے کاروبار معیشت کی ریڑھ کی ہڈی، حکومت بھرپور اقدامات کر رہی ہے: وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار (ایس ایم ایز) ملکی معیشت کی ترقی میں کلیدی حیثیت رکھتے ہیں، اور حکومت ان کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ لاہور میں وزیراعظم کی زیرِ صدارت ایس ایم ایز کے فروغ اور اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا) کے حوالے سے ایک اجلاس منعقد ہوا۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان میں شہباز شریف نے زور دیا کہ ایس ایم ایز کو عالمی سپلائی چین کا حصہ بنانے کے لیے مؤثر اور جدید حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو اس شعبے کی ترقی کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا تاکہ معیشت کو مضبوط بنیادوں پر استوار کیا جا سکے۔

اجلاس کے دوران وزیراعظم کو سمیڈا کی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس میں بتایا گیا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر سمیڈا کے بورڈ کی تشکیل مکمل ہو چکی ہے اور بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس باقاعدگی سے منعقد ہو رہے ہیں۔

مزید بتایا گیا کہ بین الاقوامی معیار کے ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کا عمل جاری ہے تاکہ ایس ایم ایز کے شعبے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا سکے۔ گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے چیف سیکریٹریز کو ایس ایم ایز اسٹیئرنگ کمیٹی میں شامل کر دیا گیا ہے۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے بھی ایس ایم ایز کو قرضوں کی فراہمی کو آسان بنانے کے لیے بینکوں کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔ اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ وفاقی وزارت صنعت و پیداوار نے صوبائی حکومتوں کے ساتھ روابط مزید مضبوط کیے ہیں، جس کے نتیجے میں سندھ اور بلوچستان نے ایس ایم ایز کی ترقی کے لیے جامع منصوبہ بندی مکمل کر لی ہے، جبکہ پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، اور آزاد کشمیر میں جامع حکمت عملی پر کام جاری ہے۔

علاوہ ازیں، وزیراعظم کی ہدایت پر ملک بھر میں موجود ایس ایم ایز کا ڈیٹا جمع کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے تاکہ اس شعبے کے لیے مزید بہتر فیصلے کیے جا سکیں۔

اجلاس میں وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین سمیت متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی، اور تمام فریقین نے ایس ایم ایز کے فروغ کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ یہ شعبہ نہ صرف روزگار کے مواقع پیدا کرتا ہے بلکہ معیشت کو مستحکم کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے، اور حکومت اس کی ترقی کے لیے ہر ممکن وسائل فراہم کرے گی۔