تعلیمی اداروں میں منشیات کا استعمال، سندھ حکومت کا بڑا فیصلہ
خبریں


سندھ حکومت نے تعلیمی اداروں میں منشیات کے بڑھتے ہوئے استعمال کو روکنے کے لیے طلبہ کی میڈیکل اسکریننگ کا فیصلہ کیا ہے۔
محکمہ کالجز کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق، یہ اسکریننگ ابتدائی طور پر سندھ کے سرکاری کالجوں میں کی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے ایک تین رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، جس میں ڈائریکٹر جنرل کالجز سندھ، متعلقہ ضلع کے ریجنل ڈائریکٹر، اور کالج کے پرنسپل شامل ہیں۔
میڈیکل اسکریننگ ٹیم کسی بھی سرکاری کالج کا اچانک دورہ کر سکتی ہے اور طالب علموں کے میڈیکل ٹیسٹ کرنے کا اختیار رکھتی ہے۔
نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ تعلیمی اداروں میں منشیات کے خطرات کے حوالے سے آگاہی کے لیے سیمینار اور ورکشاپس بھی منعقد کی جائیں گی۔ اس اقدام کا مقصد تعلیمی اداروں کو منشیات سے پاک اور صحت مند ماحول فراہم کرنا ہے۔